اولیا سے ملنے والا انسانیت کا پیغام پھیلا رہا ہوں: ہنس راج ہنس

 Hans Raj

Hans Raj

لاہور (جیوڈیسک) بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار ہنس راج ہنس نے کہا ہے کہ رمضان المبارک رحتموں کے نزول کا مہینہ ہے۔

مذہب اسلام محبت سے مالامال ہے اور اس ماہ کی برکتوں کی بدولت سب کو محبت کا پیغام عام کرنا چاہیے اور سچ بولنے کی عادت کو اپنانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار ہنس راج ہنس نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں ماہ رمضان کا بڑا احترام کرتا ہوں اور اس ماہ کو بڑے احترام کے ساتھ مناتا ہوں۔ یہ مبارک مہینہ انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔ اس ماہ میں جوبھی دعائیں مانگی جاتی ہیں وہ قبول ہوتی ہیں۔

جہاں تک میری بات ہے تو میں ایک حقیر اور فقیر سا انسان ہوں ‘ میں اولیاء کرام کا ماننے والا ہوں اوران کی طرف سے ملنے والا انسانیت کا پیغام اپنے میوزک کے ذریعے پوری دنیا میں پہنچا رہا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اس مبارک مہینے میں پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں مزید بہتری کے لیے بھی خصوصی دعائیں کرنی چاہیے ہیں۔

اس خطے میں امن اور ہماری ترقی کے لیے یہ بہت ضروری ہے۔ مجھے امید ہے رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں اس خطے میں امن ہو گا اور ہم مل کر مثالی کام کرتے ہوئے ترقی کی نئی راہوں کی جانب گامزن ہونگے۔