کراچی : پاکستان اکیڈمی اسپورٹس سوشل ویلفیئر بورڈ کے زیر اہتمام راول کنگ گرائونڈ اسلام آباد میں منعقدہ آل پاکستان انڈر 17 قائد اعظم کرکٹ ٹرافی 2013ء میں صوبہ سندھ انڈر 17 کی نمائندگی کرنے والی اورنگزیب سلطان اکیڈمی نے فائنل میں صوبہ پنجاب کی انڈر 17کی ٹیم کو 36رنز شکست دے دی، فائنل میں اورنگزیب سلطان اکیڈمی حمزہ انتظار علی اور تنویر شریف نے بہترین پارٹنر شپ قائم کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی اہم کردار ادا کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے 130 رنز اسکور کئے اور بیسٹ میں کا ایوارڈ حاصل کیا جبکہ اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے مرزا فرید اور یاسر علی نے 2،2وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے بہترین بالر کا اعزاز حاصل کیا ۔فائنل میچ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں مہمان خصوصی اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ناصر اقبال اور پاکستان اکیڈمی اسپورٹس سوشل ویلفیئر بورڈکی چیئر مین نذہت یاسمین نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے سندھ انڈر 17 کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والی اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے کھلاڑیوں کو شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے اور قائد اعظم کرکٹ ٹرافی جیتنے پر مبارکباد پیش کیا اس موقع پر اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے روح رواں بین الاقوامی ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان ،سید ابرار احمد شاہ ،سید ستار احمد شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔