امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع “پینٹاگان‘‘ کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بات چیت میں امریکہ کی سعودی عرب کو اس کے علاقے اور عوام کے دفاع میں مدد کے عزم پر زور دیا ہے۔
پینٹاگان کے ترجمان جان کربی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’ لائیڈ آسٹن اور سعودی ولی عہد کے درمیان خطے کی سکیورٹی، خاص طور پر یمن میں جنگ کے خاتمے کی کوششوں اور سعودی عرب کے دفاع کو بہتر بنانے کے لیے جاری دو طرفہ کوششوں کے حوالے سے بات ہوئی۔‘
جان کربی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سعودی عرب کی مملکت پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کو ناکام بنانے کی کامیابیوں کو بھی سراہا اور ولی عہد کا امریکی مندوب برائے یمن ٹام لینڈرکنگ کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے کے لیے کام کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ مہینے ٹام لینڈرکنگ نے جنگ بندی کی کوششوں میں سنجیدگی نہ دکھانے پر حوثیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔