ایڈیلیڈ (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میچ جیتنے کے لئے ہمیں مثبت اور جارحانہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔
ایڈیلیڈ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میچ ہمیشہ سخت ثابت ہوئے ہیں تاہم ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے اور ورلڈ کپ ٹائٹل کے لئے فیورٹ سمجھے جانے کے باعث میچ میں زیادہ دباؤ آسٹریلیا پر ہوگا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا بولنگ اٹیک بہت مضبوط ہے تاہم اگر ان کے پاس بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والا پیس اٹیک موجود ہے تو ہمارے پاس بھی وہاب ریاض اور راحت علی جیسے لیفٹ آرم فاسٹ بولرز ہیں جن کی مدد سے اچھی پریکٹس ہورہی ہے جب کہ مچل اسٹارک کو کھیلنے کا جہاں تک تعلق ہے تو میں انہیں متحدہ عرب امارات میں ایک میچ میں کھیل چکا ہوں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم میچ سے قبل اپنے ویڈیو اینالسٹ کی مدد سے آسٹریلوی بولرز کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں اور اسی کے مطابق تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کے خلاف سنچری اسکور کرنے کے بعد میرے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے تاہم مجھے اس بات کا بھی بخوبی اندازہ ہے کہ کوارٹر فائنل مقابلے کے لئے ٹیم مینجمنٹ کی مجھ سے اچھے کھیل کی امیدیں وابستہ ہیں لیکن اہم یہ ہے کہ میں دباؤ کا شکار ہوئے بغیر بہتر سے بہتر کھیلنے کی کوشش کروں۔