آسٹریلیا میں رسوائیوں کی نئی تاریخ رقم ہو گئی

Australia

Australia

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریلیا میں رسوائیوں کی نئی تاریخ رقم ہو گئی، کسی ایک ملک میں مسلسل سب سے زیادہ ٹیسٹ ہارنے کا ریکارڈ پاکستان ٹیم کا داغ بن گیا، آسٹریلیا میں 14 شکستوں کے ساتھ بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ایڈیلیڈ میں ناکامی کے ساتھ کینگروز کے دیس میں گرین کیپس کی 1999سے تاحال شکستوں کی تعداد 14 ہوگئی، اس دوران میزبان ٹیم نے 4بار 3-0سے کلین سوئپ کیا، اس مرتبہ بھی دونوں میچز جیتے، پاکستان کی آسٹریلیا میں آخری فتح 24سال قبل تھی، اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنے ہی ملک میں مسلسل 13میچز میں شکست کھائی تھی۔

آسٹریلیا کی پاکستان کیخلاف ہوم سیریز میں فتح کا تناسب 70.27 ہے، اس سے بہتر ریکارڈ صرف سری لنکا کیخلاف رہا،گرین کیپس کو دوسری بار مسلسل چھٹے ٹیسٹ میں شکست ہوئی،جنوبی افریقہ کیخلاف تینوں، نیوزی لینڈ کیخلاف ایک اور اب آسٹریلیا میں دونوں میچز میں ناکامی ہوئی۔

اس سے قبل 2016-17میں بھی پاکستان کو مسلسل 6ٹیسٹ میں ناکامی ہوئی تھی۔گرین کیپس نے ایک منفرد تجربہ کرتے ہوئے 3 انڈر20 فاسٹ بولرز نسیم شاہ، محمد موسیٰ اور شاہین شاہ آفریدی کو کھیلنے کا موقع دیا،تاریخ میں پہلی بار کسی ٹیم نے اتنے زیادہ کم عمر بولرز کے ساتھ سیریز کھیلی ہے۔

حالیہ سیریز میں آسٹریلیا نے اپنی تیسری بہترین بیٹنگ اوسط فی وکٹ 87.84 حاصل کی،اس سے قبل سری لنکا کیخلاف2007-08 میں 112.36اور ویسٹ انڈیز کیخلاف 2015-16کی سیریز میں 119.66کی ایوریج سے رنز بنے تھے۔

ڈیوڈ وارنر نے 2ٹیسٹ کی سیریز میں کسی بھی آسٹریلوی بیٹسمین کی جانب سے دوسرا بڑا سکور 489کیا، اس سے قبل میتھیو ہیڈن نے زمبابوے کیخلاف 2003میں 501رنز جوڑے تھے۔