لندن (جیوڈیسک) کرک انفو ایوارڈز کیلیے مصباح الحق اور یونس خان کی ٹیسٹ بیٹنگ پرفارمنس شارٹ لسٹ کرلی گئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی جانب سے 2014 ایوارڈز کیلیے پرفارمنسز کی شارٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے، آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں پاکستان نے تاریخی ٹیسٹ سیریز فتح حاصل کی، اس میں دنیا کی تیز ترین ٹیسٹ سنچری کا ریکارڈ برابر کرنے پر مصباح اور دبئی میں یونس خان کے 106 رنز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔
لارڈز میں انگلینڈ کیخلاف ایشانت شرما کی 74 رنز کے عوض 7 وکٹوں کی کارکردگی کو نامزد کیا گیا ہے جس کی بدولت بھارت نے اس وینیو پر 30 برس بعد پہلی ٹیسٹ فتح پائی تھی۔ اگلے ٹیسٹ میں 53 رنز کے عوض 5 وکٹیں لینے والے جیمز اینڈرسن بھی شارٹ لسٹ میں شامل ہیں جن کی وجہ سے انگلش ٹیم نے سیریز میں کم بیک کیا تھا۔ سری لنکا کے لسیتھ مالنگا کی ون ڈے بولنگ میں دو اور ٹوئنٹی 20 بولنگ میں ایک پرفارمنس شارٹ لسٹ ہوئی ہے۔
آسٹریلیا کے شان مارش، کلارک، ڈیوڈ وارنر، جونسن اور ریان ہیرس ٹیسٹ پرفارمنس شارٹ لسٹ میں شامل ہیں، انھوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف سنچورین اور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں عمدہ پرفارم کیا تھا، اگرچہ سال کے آخری حصے میں اسٹیون اسمتھ نے عمدہ کارکردگی سے آسٹریلیا کی بھارت ٹیسٹ سیریز فتح کو یقینی بنایا تھا لیکن ان کو ون ڈے بیٹنگ پرفارمنس کیلیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، ون ڈے بیٹنگ شارٹ لسٹ میں تین آسٹریلوی اور تین بھارتی کھلاڑی شامل ہیں، ان میں روہت کا نام بھی موجود ہے جنھوں نے ایک روزہ کرکٹ کی سب سے بڑی اننگز کھیلی، ایوارڈز کا اعلان فروری کے پہلے ہفتے میں کیا جائیگا۔