آسٹریلیا اپنا پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے لئے بے تاب ہے، شین واٹسن

Shane Watson

Shane Watson

جوہانسبرگ (جیوڈیسک) آسٹریلین ٹیم کے آل رانڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے لئے بے تاب ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شین واٹسن کا جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے منتخب آسٹریلین اسکواڈ ان کے پورے کیرئیر کی سب سے متوازن ٹیم ہے، ہمارے پاس پہلے نمبر ایک سے لے کر گیارھویں نمبر تک جارحانہ بلے بازی کرنے والے کھلاڑی موجود ہیں، بالنگ کے حوالے سے بھی ہمارے پاس بہترین فاسٹ بالر، میڈیم پیسرز اور اسپنر موجود ہیں۔

شین واٹسن کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ایک ملی جلی ٹیم ہے جو کسی بھی حریف کے خلاف کسی بھی کنڈیشن میں بہترین مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شق نہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ایک نا قابل یقین گیم ہے لیکن اگر ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہوں جو کہ اکیلے ہی میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہوں تو پھر آپ کے جیتنے کے چانس زیادہ ہوتے ہیں اور آسٹریلیا کے پاس ایسے کئی کھلاڑی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ بنگہ دیش میں رواں ماہ شروع ہونے والے ٹی ٹوئنتی ورلڈکپ میں آسٹریلیا اپنا افتتاحی میچ 23 مارچ کو 2009 کی ٹی ٹوئنٹی چیمپین پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔