آسٹریلیا: جنگل کی آگ تاحال قابو سے باہر

Australia Forest Fire

Australia Forest Fire

آسٹریلیا (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریلیا کے دارالحکومت کے علاقے میں گذشتہ روز ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ علاقے کے جنوبی حصے میں جاری جنگل کی آگ نے 55 ہزار ہیکٹر علاقے کو راکھ میں تبدیل کر دیا ہے اور آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔

بی بی سی کی خبر کے مطابق یہ آگ 2003 سے لے کر اب تک کی شدید ترین آگ ہے۔ دارالحکومت کے دائرہ اختیار کے علاقوں اے سی ٹی اور دارالحکومت کینبرا کے اطراف کے رہائشیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ محفوظ مقامات پر منتقلی کے لئے بہت تاخیر ہو چکی ہے لہٰذا پناہ گاہوں کی تلاش کی جائے۔

کنیبرا کے جنوب میں تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا اور اے سی ٹی کا 20 فیصد سے زائد حصہ آگ کی لپیٹ میں آیا ہوا ہے تاہم آگ ابھی کنیبرا کے اطراف میں نہیں پہنچی۔

وادی اورورال کی آگ اس وقت تک 55 ہزار 234 ہیکٹر علاقے کو جلا چکی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا بھر میں ستمبر 2019 سے لے کر اب تک جنگلوں اور چراگاہوں میں آگ لگی ہوئی ہے جو وقتاً فوقتاً رہائشی آبادیوں تک پھیل رہی ہے۔ آگ کی وجہ سے اس وقت تک 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 11 ملین ہیکٹر کے لگ بھگ اراضی ا ور 2 ہزار 600 سے زائد گھر جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔