میلبرن (جیوڈیسک) آسٹریلیااوربھارت کے درمیان تیسرا ٹیسٹ کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا جب کہ میزبان آسٹریلیا نے 4 میچز پر مشتمل سیریز بھی اپنے نام کرلی۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ کے آخری روز آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 261 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا اور 9 وکٹوں پر 318 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کردی جب کہ بھارت کو جیت کے لئے 393 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں بھارت کا آغاز مایوس کن رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے چلے گئے۔ ایک مرحلے پر تیسرا ٹیسٹ کینگروز کے ہاتھ جاتا دکھائی دیا تاہم ویرات کوہلی اور انجکایا ریہانے آسٹریلوی بولروں کے سامنے ڈٹ گئے اور میچ کو ڈرا کی جانب لے گئے۔
میچ کے اختتام تک مہمان بھارت 6 وکٹوں کے نقصان پر174 رنز بنا سکی جب کہ کوہلی 54 اور ریہانے 48 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے اور دیگر کھلاڑیوں میں مرالی وجے 11،لوکیش راہل 1، چتیشور پجارا 21 اور شیکر دھاون بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جب کہ کپتان ایم ایس دھونی 24 اور روی چندرن ایشون 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن ، ریان ہیرس اور جوش ہیزلیوڈ نے دوسری اننگز میں 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کا بہترین کھلاڑی بھی کینگروز بولر ریان ہیرس کو قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 530 اور دوسری اننگز 318 رنز بنا کر ڈکلئیر کردی تھی جب کہ بھارت نے پہلی اننگز میں ویرات کوہلی کے 169 اور ریہانے کے 147 رنز کی بدولت 465 رنز بنائے تھے۔