سڈنی (جیوڈیسک) آسڑیلیا میں نیوی کی مشقوں کے دوران لاپتہ ہونے والے پاکستانی بحری فوجی (سیلر) کی تلاش کے لیے رائل نیوی نے آپریشن شروع کر دیا ہے پاکستانی فوجی آسٹریلیا کے شمال میں جاری مشقوں میں لاپتہ ہوا ہے۔ آسٹریلیا میں جاری ان بین الاقوامی فوجی مشقوں میں پاکستان بحریہ (پی این ایس) کا جنگی جہاز ’’نصر‘‘ حصہ لے رہا ہے جس کے ساتھ مذکورہ اہلکار وہاں گیا تھا، تاحال لاپتہ اہلکار کا نام جاری نہیں کیا گیا۔
پاکستان نیوی کا بحری جہاز نصر شمالی آسٹریلیا میں داروئن بندرگاہ پر لنگر انداز ہے۔ شمالی آسٹریلیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ روب برگوئین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سیلر کی جانب سے قصداَ پانی میں چھلانگ لگائی گئی ہے تاکہ وہ تیر کر کنارے تک جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پانی میں مگر مچھوں کی بہتات ہے۔ روب برگوئین نے دعوی کیا کہ پانی سے فوجی بیگ بھی ملا ہے جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ بحری جہاز چھوڑنے والے شخص کو اچھی طرح معلوم تھا کہ وہ کیا کرنے جا رہا ہے، یہ صرف جہاز سے گر جانے کا کوئی سادہ سا واقعہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی میں کودنے والا خوش قسمت ہی ہو گا کہ پانی میں اس کا کسی مگر مچھ سے سامنا نہ ہوا ہو۔ آسٹریلوی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ آسٹریلین ڈیفنس فورس تلاش اور ریسکیو کی سرگرمیوں میں بھرپور معاونت کر رہی ہے، سیلر کی تلاش کے کام میں کشتیوں اور ہوائی جہاز کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ان بحری مشقوں میں 15 ممالک کے ایک ہزار اہلکار شریک ہیں جبکہ ان مشقوں میں 8 بحری جنگی جہاز اور 26 ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستانی نیوی کا جنگی بحری جہاز نصر بھی شامل ہے۔