میلبورن (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ کے فیصلہ کن معرکے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں برینڈن میککلم بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان 33 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب مارٹن گپٹل بھی 15 رنز بنا کر گلین میکس ویل کا شکار بنے جب کہ کین ولیمسن تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 12 رنز بنا کر مچل جانسن کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ایک موقع پر 39 رنز پر نیوزی لینڈ کی 3 وکٹیں گر چکی تھیں لیکن روس ٹیلر اور گرانٹ ایلیٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 150 رنز پر پہنچا دیا۔
روس ٹیلر 40 رنز بنا کر جیمز فالکنر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ اگلی ہی گیند پر کورے اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو گئے۔ اگلے اوور میں لوک رونکی بھی مچل اسٹارک کی گیند پر سلپ میں مائیکل کلارک کو کیچ دے بیٹھے۔
ڈینیئل ویٹوری بھی 9 رنز بنا کر جانسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب گرانٹ ایلیٹ آسٹریلوی بالرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے اور 83 رنز بنا کر فالکنر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔
182 کے مجموعی اسکور پر جیمز ہینری مچل جانسن کا تیسرا شکار بنے جب کہ ایک رن کے اضافے کے بعد ٹم ساؤتھی کو گلین میکسویل نے رن آؤٹ کر کے کیوی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن اور جیمز فالکنر نے 3،3 جب کہ مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ گلین میکسویل کے حصے میں آئی اور کیوی کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔