سڈنی (جیوڈیسک) سروے میں شامل 60 فیصد مسلمانوں نے تسلیم کیا کہ انھیں آسٹریلیا میں رہتے ہوئے کسی نہ کسی امتیازی سلوک کا سامنا رہا ہے۔ سروے کے دوران جن افراد سے بات چیت کی گئی ان میں سے 85 فیصد کا خیال تھا کہ آسٹریلیا میں مسلمانوں اور غیر مسلموں کے تعلقات دوستانہ ہیں۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کی کل آبادی میں مسلمانوں کی شرح دو فیصد کے لگ بھگ ہے۔ سڈنی میں مذہب اسلام کے بارے میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں دانشوروں نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کا امتیازی سلوک نوجوان مسلمانوں کو زیادہ ریڈیکل بنا سکتا ہے۔
سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امتیازی سلوک کے باوجود زیادہ تر مسلمانوں کا خیال ہے کہ ان کا مذہب آسٹریلوی معاشرے سے مطابقت رکھتا ہے۔
سروے رپورٹ کے مصنفین کا خیال ہے کہ دنیا میں پیش آنے والے واقعات بھی آسٹریلیا میں عدم رواداری کے بڑھتے ہوئے جذبات کی ایک وجہ ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں نسلی اور مذہبی عدم رواداری کا مظاہرہ کرنے والوں کی تعداد بہت کم ہے۔