آسٹریلیا نے پاکستان کی نجی کمپنی کو آم برآمد کرنے کی اجازت دیدی

کراچی (پی پی سی) آسٹریلوی وزارت زراعت نے پاکستان کی ایک نجی کمپنی کو تجارتی بنیاد پر پاکستان سے آم برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ رکن پاکستان فروٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن بابر درانی کے مطابق آسٹریلیا کی وزارت زراعت سے تحریری طور پر آم برآمد کرنے کی اجازت ملنے کے بعد 29 اگست کو کراچی سے آم کی پہلی تجارتی شپمنٹ آسٹریلیا بھیجی جائیگی۔

جس کا افتتاح پاکستان میں آسٹریلوی سفیر پیٹر ہیورڈ کریں گے۔ بابر درانی کے مطابق آسٹریلیا کو پہلی تجارتی شپمنٹ میں 4 ہزار 500 کلو آم برآمد کیا جائیگا، آسٹریلیا میں پاکستانی آم کی فی کلو قیمت 7ڈالر ملے گی، آسٹریلیا دنیا بھر سے ہر سال 13 ہزار ٹن آم درآمد کرتا ہے، ایکسپورٹرز کے مطابق آسٹریلیا کی منڈی ملنے کے باعث آئندہ سال پاکستان سے آم کی برآمد میں اضافہ ہونے کے ساتھ زرمبادلہ بھی کمایا جاسکے گا۔