راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی فارم بحال کرنے کی کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل میرے پاس جو بھی وقت تھا، اس دوران اپنے کھیل پر سخت محنت کی اور امید ہے کہ سیریز میں بہترین فارم کا مظاہرہ کروں گا، بابراعظم کا کہنا تھا کہ ’1998 کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے کوشش ہوگی نتیجہ ہمارے حق میں ہو‘۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بابراعظم پہلی بار کپتانی کے جوہر دیکھاتے نظر آئے تھے تاہم انکی قیادت میں کراچی کنگز کو 10 میچز میں 9 میں ناکامی جبکہ ایک میچ میں فتح ملی، اس سیزن میں کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے بابراعظم نے 343 رنز اسکور کیے تھے۔
بابراعظم کو عماد وسیم کی جگہ کپتانی کے فرائض سونپے گئے تھے جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھاسکے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بابراعظم کی بلےبازی آئی وہ محض 36 رنز اسکور کرسکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔