لاہور (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان آج کیا جائیگا۔ تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کی ون ڈے ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کریں گے۔
آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ روز کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی تھی، تاہم سابق کپتان یونس خان کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت پرڈیڈ لاک ہو گیا تھا۔
چیف سلیکٹر معین خان لاہور میں موجود ہیں جہاں وہ کھلاڑیوں کی حتمی فہرست آج چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو منظوری کیلئے پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کپتان مصباح الحق یونس خان کوون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنانے پر بضد ہیں جبکہ سلیکشن کمیٹی نے اس معاملے پر لچک دکھانے سے انکار کر دیا ہے۔
یونس کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کا ووٹ اہم ہو گا۔ چیئرمین کی منظوری ملنے کے بعد آج ٹیم کا اعلان کر دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق وکٹ کیپرسرفرازاحمد کوٹیسٹ کیساتھ ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کرنے پر اتفاق ہوا ہے، سعید اجمل کی جگہ ون ڈے اورٹی ٹوئنٹی میں رضا حسن جبکہ ٹیسٹ میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کے ناموں پر غور ہوا ہے۔