سری نواسن کے معاملے پر بگ تھری میں پھوٹ پڑنے لگی

Sri Srinivasan

Sri Srinivasan

کولکتہ (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے معطل صدر سری نواسن کو آئی سی سی کا چیئرمین بنانے کے معاملے پر بگ تھری میں پھوٹ پڑنے لگی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے کونسل کو چلانے کیلیے عبوری انتظامات کی تجویز پیش کردی، کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ویلی ایڈورڈز کی ٹیلی فون کال نے سری نواسن کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چنئی کی طاقتور شخصیت این سری نواسن کو بھارتی سپریم کورٹ کرکٹ بورڈ کی صدارت سے معطل کرچکی، مگر وہ بدستور آئندہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا چیئرمین بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں، گذشتہ روز انھوں نے بطور ایشین کرکٹ کونسل چیئرمین فنانس کمیٹی میٹنگ کی صدارت بھی کی۔

یہ حیران کن بات ہے کہ جس عہدے کی وجہ سے انھیں اے سی سی اور آئی سی سی میں اختیارات ملے وہ اسی سے معطل ہوچکے ہیں، اس لیے اخلاقی طور پر ان کے ان دونوں باڈیز میں عمل دخل کا کوئی جواز نہیں بنتا، اسی معاملے پر اب بگ تھری میں پھوٹ پڑنے لگی ہے۔

رپورٹس کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ویلی ایڈورڈز نے سری نواسن کو فون کرکے اخلاقی ایشو پر بات کی، انھوں نے خاص طور پر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بہار کے سیکریٹری ادتیا ورما کی جانب سے بھیجی گئی ای میلز میں اٹھائے گئے اعتراضات سے آگاہ کیا، اس فون کال نے سری نواسن کو پریشان کر دیا۔

خاص طور پر وہ انگلش بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک سے خوش نہیں جنھوں نے آئی پی ایل کے معاملے پر سپریم کورٹ کی جانب سے سری نواسن کی پوزیشن واضح نہ ہونے تک آئی سی سی کو چلانے کیلیے عبوری انتظامات کی تجویز پیش کی ہے۔

یاد رہے کہ آئی پی ایل تحقیقات میں سری نواسن کے داماد گروناتھ میاپن فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے، خود بھارتی بورڈ کے معطل صدر کیخلاف بھی کئی الزامات سامنے آئے، ان کے بارے میں سپریم کورٹ پہلے ہی مدگال کمیشن کو نئی تحقیقات کا حکم دے چکی ہے۔