فرانس (اصل میڈیا ڈیسک) فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے منگل کے روز کہا ہے کہ یونان ایک نئے دفاعی اتحاد کا حصہ بنتے ہوئے تین فرانسیسی فریگیٹ [جنگی بحری جہاز] خریدے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی جوہری آبدوز کے معاہدے سے آسٹریلیا کی دست نرداری کا فرانس کی معیشت پر محدود اثر پڑے گا۔
میکروں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ آبدوز کا بحران بحر ہند ۔ بحرالکاہل میں فرانس کی حکمت عملی کو تبدیل نہیں کرے گا۔
یونانی اور فرانسیسی رہ نماؤں نے آج منگل بتایا کہ یونان نے فرانس کے ساتھ تین نئے فریگیٹ خریدنے کا معاہدہ کیا ہے جس میں چوتھا فریگیٹ خریدنے کا آپشن ہے۔
میکروں نے یونانی وزیر اعظم کیریاکوس مٹسوٹاکیس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کی خود مختاری کو مضبوط کرے گا۔
مٹسوٹاکیس نےگذشتہ روزکہا تھا کہ یونان اپنے دفاعی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے فرانس کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایتھنز اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔
یونانی وزیراعظم کریاکوس مٹسوٹاکیس نے کچھ دن پہلے فرانس کے ساتھ ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدوں اور مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کے ساتھ کشیدگی کے درمیان فوج میں جامع اصلاحات کا اعلان کیا تھا۔ اس پیش رفت پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے فرانسیسی صدر کو براہ راست متنبہ کیا تھا۔
مٹسوٹاکیس نے مزید کہا کہ یونان کو 18 فرانسیسی رافیل طیارے ، چار ملٹی مشن فریگیٹس اور چار ہیلی کاپٹر ملیں گے۔اس کے علاوہ 15 ہزار فوجی بھرتی کرنے اور قومی ہتھیاروں کی صنعت میں فنڈنگ اور سائبر حملوں کے خلاف دفاع کے لیے فنڈنگ کی جائے گی۔