آسٹریلیا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، لاکھوں افراد متاثر

Australia Torrential Rains

Australia Torrential Rains

سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ 3 روز سے جاری طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 3 افراد ہلاک جب کہ کروڑوں ڈالر مالیت کی املاک تباہ ہوچکی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے ریاست نیو ساؤتھ ویلز گزشتہ 3 روز سے طوفانی بارشوں اور ہواؤں کے جھکڑوں کی زد میں ہے، آسٹریلیا کا سب سے بڑا اورگنجان آباد شہر سڈنی طوفان “باد وباراں” سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ جہاں 2 لاکھ سے زائد گھراورکاروباری مراکز کو بجلی کی فراہمی بند ہے جب کہ تعلیمی اداروں میں تا حکم ثانی معطل کردیا گیا ہے، سڈنی کے تمام ڈیم پانی سے بھر گئے ہیں تاہم اس کے باوجود حکام نے شہریوں کو پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔

نیوساؤتھ ویلز میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے اب تک 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ الگ الگ گاڑیوں میں سوار 2 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے تاہم پانی کی سطح میں بتریج اضافے کی وجہ سے ان کی تلاش میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران انہیں ہنگامی امداد کے لئے 10 ہزارسے زائد فون کالزموصول ہوئی ہیں اور بارش کے پانی میں گھرے 100 سے زائد افراد کو بچایا جاچکا ہے جب کہ دو روز سے ساحل کے قریب پھنسے جہاز کو بندر گاہ پر لنگر انداز کراکے 2500 افراد کو بھی نکال لیا گیا ہے۔

آسٹریلیا میں بیمہ کمپنیوں کی نمائندہ تنظیم انشورنس کونسل آف آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے کے لئے اب تک 19 ہزار 500 افراد اپنی متعلقہ انشورنس کمپنیوں سے رجوع کرچکے ہیں جس کی مجموعی مالیت 10 کروڑ امریکی ڈالر ہے جس میں آئندہ چند روز کے دوران مزید اضافہ ہوگا۔ ریاست کے گورنر مائیک بئیرڈ نے کہا ہے کہ موسم بہت خطرناک ہے اور اس صورت حال میں ہم کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہیں دکھا سکتے وہ شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔