آسٹریلیا نے ناتواں زمبابوے کو کچل کر رکھ دیا

Australia

Australia

ہرارے (جیوڈیسک) ٹرائنگولر سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ناتواں زمبابوے کو کچل کر رکھ دیا۔

میزبان سائیڈ کو 198 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی، 351 رنز ہدف کا تعاقب کرنے والی زمبابوین ٹیم 40 ویں اوور میں 152 رنز پر غش کھا کر گر پڑی، ہیملٹن مساکیڈزا نے 70 رنز بنائے، اسٹیون اسمتھ نے 3 جبکہ مچل اسٹارک اور ناتھن لیون نے دودو وکٹیں لیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ہرارے اسپورٹس کلب پر سب سے بڑا 350 رنز کا مجموعہ بنایا، گلین میکسویل نے 93 اور مچل مارش نے 89 رنز اسکور کیے۔ تفصیلات کے مطابق فتح کے لیے درکار 351 رنز ہدف کے تعاقب میں دوسرے ہی اوور میں زمبابوے کی پہلی وکٹ گر گئی۔

جب ماوویو صرف ایک رن پر اسٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، سکندر رضا اور مساکیڈزا نے احتیاط سے کھیلنا شروع کیا مگر 64 کے مجموعے پر سکندر 33 رنز بناکر لیون کا شکار بن گئے۔

کیچ مارش نے تھاما، اس کے بعد مساکیڈزا نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی بہت کوشش کی مگر دوسرے اینڈ سے ان کو کوئی مدد نہیں ملی، انھوں نے اسمتھ کی گیند پر اسٹمپڈ ہونے سے قبل 70 رنز بنائے، اس طرح پوری ٹیم 39.3 اوورز میں 152 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے 6 وکٹ پر 350 رنز بنائے جوکہ اس وینیو پر سب سے بڑا ون ڈے اسکور ہے، یہاں تک کینگروز کو پہنچانے میں مچل مارش اور گلین میکسویل کا اہم کردار رہا جنھوں نے 9 اوورز میں 109 رنز کی شراکت کی۔

کپتان مائیکل کلارک کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے مارش ون ڈاؤن پر کھیلنے کے لیے آئے، میکسویل نے 93 رنز اسکور کیے جوکہ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے، مارش نے 89 رنز بنائے۔ ٹینڈائی چیتارا نے دو وکٹیں لیں۔