آسٹریلین بیڈ منٹن: بھارت کی سائنا نیہوال کا ٹائٹل پر قبضہ

Saina Nehwal

Saina Nehwal

سڈنی (جیوڈیسک) چینی بیڈمنٹن اسٹار لین ڈین اور بھارت کی سائنا نیہوال نے آسٹریلین اوپن ٹائٹلز جیت لیے، چینی سپر اسٹار نے مینز سنگلز میں انڈونیشیا کے سانتوسو کو شکست دی جبکہ 8 سیڈ بھارتی پلیئر نے اسپین کی مارن کو ہرا کر ویمنز ٹائٹل اپنے نام کیا۔

تفصیلات کے مطابق چائنیز سپر اسٹار لین ڈین نے سڈنی میں ابتدائی گیم ہارنے کے باوجود سائمون سانتوسو کو شکست دے کر ورلڈ سپر سیریز آسٹریلین بیڈمنٹن اوپن جیت لیا، دو مرتبہ کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور پانچ مرتبہ کے عالمی چیمپئن نے 18 ویں رینکڈ انڈونیشین کو 22-24 ، 21-16 ، 21-7 سے 75 منٹ میں پچھاڑ دیا۔دو برسوں میں یہ ڈین کا پہلا ورلڈ سپر سیریز فائنل اور دوسرے گیم سے مقابلے پر کنٹرول حاصل کیا، عظیم بیڈ منٹن کھلاڑی مانے جانیوالے 30 سالہ لین ڈین نے رینکنگ میں 104 درجے تنزلی اور کھیل سے 7 ماہ کی غیر حاضری کے بعد سڈنی ایونٹ کیلیے کوالیفائی کیا تھا۔

فائنل میں ان کی رینکنگ 22 تک جاپہنچی تھی جس میں سڈنی ایونٹ جیتنے کے بعد اضافے کی توقع ہے۔ اس سے قبل 11 مقابلوں میں سانتوسو کو لن کے ہاتھوں 10 مرتبہ مات ہوچکی لیکن پہلے گیم میں چائنیز اسٹار پر فوقیت کے بعد ایک اپ سیٹ متوقع تھا۔ بھارت کی سائنا نیہوال نے اسپین کی کیرولینا مارن کیخلاف اسٹریٹ سیٹس میں ویمنز سنگلز فائنل اپنے نام کیا، 8 سیڈ نیہوال اپنے سے 3 پوزیشن کم درجے کی مارن کی ابتدائی مزاحمت پر قابو پاتے ہوئے 43 منٹ میں 21-18 اور 21-11 سے کامیابی سمیٹی، یہ 20 ماہ میں نیہوال کا پہلا ورلڈ سپر سیریز فائنل اور یہاں تک ہفتے کو سیمی فائنل میں چین کی ٹاپ سیڈ وانگ شیزیان کیخلف تین گیمز جیتنے کے بعد پہنچی تھیں۔

جنوبی کورین جوڑی لی یونگ ڈاس اور یو یون سیونگ نے تائی پے کی لی شینگ میو اور تسائی چیا ہسن سے 21-14 اور 21-18 کی فوقیت پر مینز ڈبلز ٹائٹل جیتا۔ چنگ ٹیان اور ژاؤ یونلیٹ پر مشتمل چائنیز پلیئرز نے ویمنز ڈبلز فائنل میں جاپان کی میساکی مٹسوٹومو اور ایاکا ٹاکاہاسی پر 21-15 اور 21-9 سے قابو پایا۔ کورینز کو سنگ ہیان اور کیم ہا نا نے جرمن جوڑی مائیکل فچز اور برگٹ مچلز کو مکسڈ ڈبلز میں 21-16 اور 21-17 سے زیر کیا، آئندہ سپر سیریز ایونٹ 14 سے 19 اکتوبر تک ڈنمارک میں شیڈول ہے۔