لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) آسٹریلوی بلاگر عظیم خان نے اداکارہ صبا قمر کے ساتھ شادی ٹوٹنے کا ذمہ دار خود کو قرار دے دیا اور کہا ہے کہ یہ سب میری غلطی ہے۔
بلاگر عظیم خان نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ صبا قمر بہت ہی شاندار شخصیت کی مالک ہیں، صبا دنیا کی تمام خوشیوں کی حق دار ہیں، اللہ آپ کو ہمیشہ کامیابی اور محبت عطا فرمائے، دشوار گزار راستے اکثر اوقات خوبصورت منزل کی جانب جاتے ہیں، میں اس تعلق کے ختم ہونے کی تمام ذمہ داری خود پر لیتا ہوں۔
گزشتہ دنوں انسٹا گرام پر جاری پیغام میں صبا قمر نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی عظیم خان سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی بلکہ بات چیت فون کے ذریعے ہی ہوتی تھی۔ صبا قمر نے پیغام جاری کرتے ہوئے شادی سے انکار کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ میں ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کررہی ہوں اور امید ہے کہ آپ اسے سمجھیں گے۔
یاد رہے کہ صبا قمر کی جانب سے شادی کی تصدیق کرنے کے بعد عظیم خان کے خلاف سوشل میڈیا پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں کے سنگین الزامات لگائے گئے تھے جس پر بلاگر نے اپنا موقف جاری کرتے ہوئے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا اور صبا قمر بھی ان کے حق میں میدان میں آئیں تھی اور انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا تھا لیکن اچانک سے یہ رشتہ اختتام کو پہنچ گیا۔