آسٹریلوی میڈیا کیجانب سے ٹنڈولکر کو بریڈمین سے برتر ثابت کرنے والی کتاب مضحکہ خیز قرار

Tendulkar

Tendulkar

سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلوی میڈیا نے بھارتی مصنف کی جانب سے ٹنڈولکر کو بریڈمین سے برتر ثابت کرنے والی کتاب کو مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹ میں بھارتی مصنف روڈلف لیمبرٹ فرنانڈز کی تحریرکردہ کتاب میں پیش کی گئی تھیوری کو مسترد کردیا گیا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بریڈ مین نے اپنے زمانے میں زیادہ مشکل حالات میں کرکٹ کھیلی اور رنز اسکور کیے۔
اس کے مقابلے میں ٹنڈولکر کے عہد میں زیادہ سہولیات تھیں، بھارتی بیٹسمین کے دور میں وکٹیں زیادہ تربیٹنگ کیلیے سازگار تھیں اور موسم سے بچانے کیلیے وکٹوں کو ڈھانپ کر بھی رکھا جاتا رہا جبکہ بریڈمین کے زمانے میں ایسانہیں ہوتا تھا، بریڈمین نے اپنے زمانے میں زیادہ تر سخت حریف انگلش ٹیم کا سامنا کیا ۔جبکہ ٹنڈولکر کا ٹیسٹ میں سب سے زیادہ اسکور 248 ناٹ آئوٹ بنگلہ دیش کیخلاف ہے۔

اسی طرح بھارتی لٹل ماسٹر نے زمبابوے پر بھی خاصا ہاتھ صاف کیا ہے، آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ میں یہ بھی تقابل پیش کیاگیا ہے کہ ٹنڈولکر اپنے عہد میں ہوائی جہاز میں سفر کرتے اور دنیا کے بہترین ہوٹلز میں قیام پذیر ہوتے جبکہ بریڈمین کو اپنے کھیل کے دوران چھ ہفتے کشتی میں سفر کرنا پڑتا تھا۔

اس کے علاوہ ٹنڈولکر کو اپنے عہد کے بہترین بیٹسمین برائن لارا سے بھی مسابقت کا سامنا رہا ہے، بریڈمین کی ٹیسٹ میں اوسط 99.94 جبکہ ٹنڈولکرکی 53.78 ہے۔