کینبرا (جیوڈیسک) آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے انٹر سکواڈ ٹورنامنٹ کے میچ کے دوسرے دن کا کھیل خوفناک خبر سے شروع ہوا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر حریف سمتھ الیون کے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ کے سامنے آئے۔
راؤنڈ دی وکٹ گیند کرتے جوش ہیزل وُڈ نے جوش دکھایا اور انھیں باؤنسر دے مارا۔ نڈر بلے باز ڈیوڈ وارنر اس خطرناک گیند کو کھیلتے ہوئے انجری کا شکار ہو گئے۔
جارح مزاج تجربہ کار اوپنر گیند کو صحیح طور پر دیکھ نہ سکے اور یوں گیند ان کی گردن پر لگی جس کی شدید تکلیف کو وہ برداشت نہ کر پائے۔ گیند لگتے ہی بیٹ ان کے ہاتھ سے گر گیا اور ڈیوڈ وارنر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس پویلین پہنچ گئے۔
ڈیوڈ وارنر کو لگنے والے باؤنسر نے آسٹریلوی سرزمین پر پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کی یاد تازہ کر دی جس میں آنجہانی فلپ ہیوز باؤنسر کا شکار ہوئے اور جانبر نہ ہو سکے تھے۔ اسی ہلاکت کے بعد آئی سی سی نے نئی اور مخصوص میٹریل کے ہیلمٹ پہننے کی پابندی عائد کی تھی۔