سڈنی (جیوڈیسک) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم میں کھلاڑیوں کی ریٹائرمنٹ کا سلسلہ جاری ہے وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 37 سالہ بریڈ ہیڈن نے گزشتہ سال ون ڈے انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
بریڈ ہیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنی ٹیم نیو سائوتھ ویلز کے لئے بھی نہیں کھیلیں گے۔ وہ اب صرف ٹی ٹوئٹی کی بگ بیش لیگ میں سڈنی سیکسر کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے۔ انھوں نے کہا میں نے 17 سال تک کھیل کا مزہ لیا اور میں اپنے فیصلے پر مطمئن ہوں۔ میں خوش قسمت رہا لیکن ایشز کے دوران میری کھیل کی بھوک ختم ہو گئی اور ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لینا آسان تھا۔
ہیڈن کو پہلی بار 2001ء میں ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ انھوں نے 66 ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جبکہ 126 ون ڈے اور 34 ٹی ٹوئنٹی میں بھی ملک کی نمائندگی کی۔ ہیڈن نے 66 ٹیسٹ میں چار سنچری اور 18 نصف سنچری کی مدد سے 3266 رنز بنائے۔ انھوں نے 262 کیچز لئے جبکہ آٹھ کھلاڑیوں کو سٹمپ آئوٹ کیا۔