اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار کی بھوک کی شدت سے تمام اخلاقی حدود پھلانگ چکی ہے، عمران خان سیاستدانوں کی تضحیک اور گھیراؤ کی سازش بند کریں۔
اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مختلف سیاستدانوں کا گھیراؤ کرنے کی پالیسی آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
عمران خان کا رونا دھونا شارٹ کٹ وزیراعظم بننے کے لیے ہے، پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کا عزم متزلزل نہیں کیا جا سکتا، عمران خان اور طاہر القادری منفی سیاست کر کے پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔