آمرانہ قوتیں ملک کی ترقی نہیں چاہتیں، عبدالحکیم بلوچ

Abdul Hakim Baloch

Abdul Hakim Baloch

کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات عبدالحکیم بلوچ نے کہا ہے کہ آمریت کی پیداوار قوتیں یہ نہیں چاہتیں کہ ملک میں جمہوریت ہو اور ملک ترقی کرے، اسی لیے اسلام آباد میں دھرنے دے کر جمہوریت اور ملک کو نقصان پہنچانے کی سازش کی جارہی ہے۔

آمریت پسندوں نے ماضی میں آمروں سے بڑے بڑے فائدے حاصل کیے اور آج یہ لوگ جمہوریت اور آئین کیخلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل کراچی ٹینکر اتحاد کی جانب سے شرافی گوٹھ لانڈھی میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آمریت کے پجاریوں کو ڈیڑھ سال کے بعد انتخابات میں دھاندلی نظر آ رہی ہیں۔

دھرنوں کے باعث دو ممالک کے سربراہوں نے پاکستان کا دورہ ملتوی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں ناچ گانے کے لیے لوگوں کو جمع کرنا کون سا نیا پاکستان ہے۔