ترکی (جیوڈیسک) ترکی کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ صدر کو زیادہ با اختیار بنانے سے متعلق بل کو ریفرنڈم کے لیے پیش کرنے سے قبل منظوری کے لیے صدر طیب ایردوان کو بھیج دیا گیا ہے۔
ترکی کے سرکاری ٹی کے مطابق وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ صدارتی اختیارات سے متعلق ترمیمی بل صدر کی جانب سے منظوری کے بعد آئندہ موسم بہار میں ریفرنڈم کرایا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ترک پارلیمنٹ نے دوسری رائے شماری کے دوران 18 نکاتی ترمیمی بل کی منظوری دی تھی جس کے تحت ترکی میں مروجہ پارلیمانی نظام کو صدارتی نظام میں تبدیل کرنا ہے۔
نئے ترمیمی بل کی منظوری کے بعد صدر کو وزرا کو برطرف کرنے، صدارتی فرامین جاری کرنے اور ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کرنے کے غیرمعمولی اختیارات حاصل ہوجائیں گے۔
صدر کو با اختیار بنانے کے بل کی منظوری کا طیب ایردوان کو ذاتی طور پر فائدہ ہوگا اور وہ 2029ء تک اقتدار پر فائز رہ سکیں گے۔