انتخابات : کراچی کے مختلف علاقوں میں فوج کی تعیناتی شروع

Army

Army

کراچی(جیوڈیسک)سندھ اور پنجاب میں عام انتخابات کے لیے فوج کی تعیناتی شروع ہو گئی ہے، ملک بھر میں 70 ہزار فوجی جوان فرائض سرانجام دیں گے۔کراچی ملک کے چاروں صوبوں میں حساس مقامات پر فوج کی تعیناتی کی جائے گی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں فوجی جوانوں کی تعیناتی شروع ہو گئی ہے۔ حساس علاقوں میں سول انتطامیہ کی مدد کے لیے 3 ہزار جوان تعینات کئے جا رہے ہیں۔

جوانوں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں 12 بکتر بند گاڑیاں بھی بھیجی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوجی جوانوں کو ایسے مقامات پر تعینات کیا جا رہا ہے جہاں سے وہ ریٹرننگ افسر کی جانب سے طلبی کی صورت میں پانچ سے دس منٹ کے اندر موقع پر پہنچ جائیں گے۔ بلوچستان کے زیادہ تر حصوں میں فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ ادھر عام انتخابات کے لیے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی مختلف علاقوں کو ترسیل کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان کے بیلٹ پیپرز کوئٹہ پہنچا دئیے گئے۔ بلوچستان کے بیلٹ پیپرز فوج کے سی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے کراچی سے کوئٹہ کے خالد ائیر بیس پر پہنچائے گئے جہاں سے آرمی کے تین ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پشین، چمن، دالبندین اور نوشکی کے اضلاع میں پہنچایا جائے گا۔ کراچی اور لاہور کے پرنٹنگ پریس سے ملحقہ علاقوں تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

لاہور پرنٹنگ پریس سے لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کیلئے بیلٹ پیپرز بھجوائے جا رہے ہیں۔ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے مطابق ہزارہ ڈویژن کے لیے بیلٹ پیپرزبھی آج بھیج دئیے جائیں گے جبکہ مالاکنڈ ڈویژن میں بیلٹ پیپرز گزشتہ روز پہنچا دیئے گئے تھے۔ بیلٹ پیپرز فوج کی سخت سیکیورٹی میں پرنٹنگ پریس سے ریٹرننگ افسروں اور وہاں سے پولنگ سٹیشنز تک پہنچائے جائینگے۔ بیلٹ پیپرز کی تقسیم کا عمل الیکشن کمیشن حکام کرینگے۔