پاکستان چین سے 30 سے 40 اسٹیلتھ جنگی طیارے FC-31 خریدے گا

FC- 31 Aircraft

FC- 31 Aircraft

کراچی (جیوڈیسک) برطانوی جریدے کے مطابق پاکستان چین سے 30 سے 40 اسٹیلتھ جنگی طیارے FC-31 خریدے گا۔ ان طیاروں کی خریداری کیلئے چین اور پاکستان کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ ایک اعلیٰ پاکستانی حکومتی عہدے دار نے برطانوی دفاعی جریدے IHS Jane’s سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پاکستان ان طیاروں کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ پاکستان فضائیہ (پی اے ایف) کی چین کے شہر ژوہائی میں منعقدہ ائیر شومیں نمائش کے لئے رکھے گئے جڑواں انجن ملٹی رول اسٹیلتھ جنگی طیارے ایف سی 31 کی خریداری کے لئے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان طیاروں کی خریداری کیلئے مذاکرات ابتدائی چیت سے آگے جا چکے ہیں اور چینی فوجی ہارڈ وئیر کے پہلے برآمدی کسٹمرز ہونے کی وجہ سے یہ پاکستان کے لئے موزوں ہیں۔ FC-31 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے جے 31 کی جدید شکل ہے جو 2012 سے آپریشنل ہے۔ چین کی طرف سے پہلی بار برآمدی مقاصد کیلئے رکھے گئے جڑواں انجن کے حامل ان اسٹیلتھ طیاروں کو شینیانگ ایوی ایشن کمپنی نے تیار کیا۔ جریدے کے مطابق 2007 میں اس وقت کے پاکستان فضائیہ کے ائیر چیف مارشل تنویر محمود احمد نے کہا تھا کہ اسلام آباد چین سے تقریباً دو اسکواڈرن یا 30 سے 40 چینگدو جے 10 لڑاکا طیارے خریدنے پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پانچویں جنریشن کے ان جنگی طیاروں کا پاکستان پہلا خریدار ہو گا۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق چین کے اس نئے اسٹیلتھ طیارے کی قیمت 75 سے 100 ملین ڈالر ہے اور پاکستان اس کا بڑا خریدار ہوگا۔۔ امریکی دفاعی نیوز سائیٹ ڈیفنس نیوز کے مطابق چین کے جڑواں انجن کے اسٹیلتھ جے 31 فائٹر بین الاقوامی گاہکوں کیلئے پہلا وہ طیارہ ہوگا جو امریکا کے لاک ہیڈ مارٹن ایف 35 افورڈ نہیں کرسکتے ہیں۔

پہلی دفعہ جے 31 کو ایف سی 31 کے نام سے پکارا گیا ہے۔ نومبر 11 سے 16 تک جاری چینی نمائش ایشیاء کی سب سے بڑی کمرشل اور دفاعی ائیر شو بن گئی ہے۔ ایف سی 1 ژیاؤلانگ ملٹی رول طیارے پاکستان کیلئے بنائے گئے تھے۔ جنہیں جے ایف 17 تھنڈر کہتے ہیں۔