کراچی (جیوڈیسک) کراچی عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینٹر شاہی سید کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ کے اختیارات کوئی اور استعمال کررہا ہے،کہتے ہیں کہ اویس مظفر ٹپی ہی سندھ کے اصل وزیر اعلی ہیں۔ مردان ہاوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہی سید کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ سندھ میں متوازی حکومت چل رہی ہے اور ڈی فیکٹو وزیر اعلی کون ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما پولیس اہلکار لے کر گھوم رہے ہیں لیکن اتحادی سیکیورٹی سے محروم ہیں۔ شاہی سید نے بتایا کہ اویس مظفرٹپی اے این پی کے رہنماوں کو سیکیورٹی نہیں دینا چاہتے، اور وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی چلتی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کے دفاتر اور عہدے داروں کے گھروں کے باہر سے بم برآمد ہورہے ہیں، اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو اے این پی اور پیپلز پارٹی کا اتحاد مشکل ہو جائے گا۔