پشاور (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور شدت پسندی کیخلاف آواز بلند کرنے والے عوامی لیڈر بشیر احمد بلور شہید کی پہلی برسی آج منائی جا رہی ہے۔ نڈر رہنما بشیر بلور ایک سال قبل 22 دسمبر کی رات پشاور میں خودکش حملہ میں شہید ہوئے۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر احمد بلور کی شہادت کو ایک سال گزر گیا، لیکن آج بھی انہیں یاد کیا جاتا ہے۔ عوامی لیڈر بشیر بلور 22 دسمبر 2012 کی رات ڈھکی نعل بندی میں خودکش حملے کا نشانہ بنے اور اس فانی دنیا سے کوچ کر گئے۔ ایک سال گزر نے کے باوجود بھی دہشت گردی کے خلاف ان کی آواز زندہ ہے۔
بشیر احمد بلور یکم اگست 1943 کو پشاور میں پیدا ہوئے۔ بشیر بلور نے قانون کی تعلیم حاصل کی اور پشاور ہائیکورٹ بار کے رکن بھی رہے۔ 1970 میں انہوں نے عوامی نیشنل پارٹی سے اپنے سیاسی زندگی کا آغاز کیا۔ 2008 کے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد چوتھی بار خیبر پختونخوا کے وزیر بنے۔