عوامی تحریک خیبرپختونخوا کا30 نومبر کو دھرنے میں شرکت کیلئے 2 ہزار جانثاروں کا قافلہ بھیجنے کا اعلان

پشاور : پاکستان عوامی تحریک خیبرپختونخوا کے سینئر نائب صدرپیر سید سجاد بادشاہ نے اعلان کیا ہے کہ 30نومبر کواسلام آباد میںتحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے آزادی دھرنے کی طرح 2ہزار جانثاروں کا کفن پوش قافلہ تیارہے تاہم پارٹی قائد علامہ طاہر القادری کے حکم کا انتظار ہے۔

ہم ملک میں انقلاب لانے کے لئے اپنے جان ومال کی قربانی دینے کو بھی تیار ہیںعمران خان ہمارے بھائی ہیںہم ہر مشکل گھڑی میں عمران خان کا ساتھ دینگے اور وہ بھی ہماری ہرکال پر لبیگ کہنے کو تیار ہیں انشاء اللہ جلد ملک میںجلد انقلاب کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء کرام کے ساتھ منعقدہ کانفرنس اور پاکستان عوامی تحریک کے تنظیم سازی کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر سید سجاد بادشاہ نے کہا کہ نواز شریف اب ریت کی دیوار بن چکے ہیں اب کسی بھی وقت عوام کا سیلاب انہیں لے ڈوبے گاکیونکہ اب عوام کو مزید دھوکے میں نہیں رکھا جاسکتا۔ نوازاورزرداری نے اپنی کرپشن اور لوٹ مارکے لئے ملک کوفروخت کردیاہے۔

غریب عوام دووقت کی روٹی کے لئے خودکشیاں کررہے ہیںاب ملک میں حقیقی تبدیلی پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف ہی لاکر عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کرینگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی ممبر سازی مہم کا آغاز ہو چکاہے اور ہم دیانتدار اور اہل قیادت کو سامنے لانے کے لئے سرمایہ دار طبقے کی بجائے نچلے طبقے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 14اگست کی آزادی مارچ کی طرح 30نومبر کو تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کیلئے دوہزار جانثار کفن پوش تیارہیں صرف ہمارے قائد علامہ طاہرالقادری ہمیں شرکت کا حکم دے دیں۔ انہوں نے کہاکہ اب عوامی سیلاب ہی ان کرپٹ حکمرانوں کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کردے گا۔

Syed Sajjad Conference

Syed Sajjad Conference