اسلام آباد (جیوڈیسک) لال مسجد شہداء فاؤنڈیشن نے وزارت داخلہ سے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کوکالعدم جماعت قرار دینے کی درخواست کر دی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لال مسجد شہداء فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کو کالعدم جماعت قرار دینے کے حوالے سے ایک درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی اے ٹی کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اپنی تقاریر میں کارکنوں کو اشتعال دلا رہے ہیں۔
فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ طاہرالقادری کے اس بیان کہ ‘ 15 کارکنوں کے بدلے 15 پولیس اہلکاروں کو قتل کردو’ کے بعد دو اہلکاروں کو زخمی کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ سے استدعا کی گئی ہے کہ طاہر القادری عوام کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں، لہذا ملکی سالمیت اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پی اےٹی کو کالعدم قرار دیا جائے۔