عوامی تحریک کا احتجاج : لاہور میں بھی کنٹینرز آ گئے, داخلی راستوں پر پولیس میں اضافہ

Containers

Containers

لاہور (جیوڈیسک) لاہور پولیس نے ٹھوکر نیاز بیگ سے 20 سے زائد کنٹینرز پکڑ کر پنجاب اسمبلی پر کھڑے کر دیئے ہیں اور اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر انہیں صبح شہر کے مختلف علاقوں میں رکاوٹوں کے لئے کھڑا کیا جائے گا۔

کنٹینرز مالکان کا کہنا ہے کہ پولیس نے سامان سے بڑے کنٹینرز پکڑے جن میں لوگوں کا لاکھوں روپے کا سامان ہے۔

مالکان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ان کے ساتھ انتہائی زیادتی کی گئی ہے اور انہیں 10 اگست تک لاہور میں بغیر معاوضے کے روکا جا رہا ہے۔

عوامی تحریک کےکارکنوں کا داخلہ روکنے کے لئے گاڑیوں کی چیکنگ کی خاطر لاہور پولیس کی شہر کے داخلی راستوں پر سخت ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

اس ضمن میں سگیاں پل ، راوی پل ، ٹھوکرنیاز بیگ اور گجومتہ کےمقامات پر پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ موٹروے سے آنے والی گاڑیوں کی بھی بابو صابو ناکے پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ لاہور کے تمام داخلی راستوں کےناکوں پر چیکنگ کی نگرانی ڈی ایس پیز کر رہے ہیں۔