اعوان برادری کے ممتاز سیاسی و سماجی رہنماء ملک اصغر اعوان تنظیم الاعوان یوتھ ونگ کے مرکزی صدر منتخب

کراچی: ممتاز سیاسی و سماجی رہنماء ملک علی اصغر اعوان کو تنظیم الاعوان پاکستان یوتھ کا مرکزی صدر نامزد کر دیا گیا۔مرکزی سیکریٹری اطلاعات تنظیم الاعوان ملک شاہد اعوان کے اعلامیئے کے مطابق تنظیم الاعوان کے مرکزی صدر شاکر بشیر ،چیئر مین ملک صفدر علی اعوان ،جنرل سیکریٹری ملک امیر داد اعوان ایڈوکیٹ و دیگر مرکزی سپریم کونسل کی باہمی مشاورت اور متفقہ فیصلے سے ملک اصغر اعوان کی تنظیمی اور اعوان برادری کیلئے گراں قدر خدمات ،خلوص جذبہ اور انتھک محنت کو دیکھتے ہوئے انہیں تنظیم الاعوان پاکستان یوتھ ونگ کا مرکزی صدر نامزد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر تنظیم الاعوان یوتھ ونگ کے نو منتخب مرکزی صدر ملک اصغر اعوان نے قائدین کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ذمہ داریوں سے عہدہ برآن ہونے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے ۔ملک اصغر اعوان نے کہاکہ وہ جلد ہی لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر دورے کا اعلان بھی کرینگے اور مرکزی قائدین کے توقعات پر پورا اُترتے ہوئے پاکستان بھر اور آزاد کشمیر میں تنظیم الاعوان یوتھ ونگ کو فعال کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی کوشش کرینگے۔