کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نبی کریم ۖ سے عشق و محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ان کی لائی ہوئی شریعت کو تھاما جائے اور اسے نافذ کرنے کی جدوجہد کی جائے۔ نبی کریم ۖ کے نقش پا اپنی زندگیوں میں لانا ہی محبت رسول ۖ کا سب سے بڑا مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ۖ کی سیرت طیبہ زندگی کے تمام شعبوں میں ہماری رہنمائی کرتی ہے، نبی کریم ۖ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ہی ہم دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ اللہ نے نبی ۖ کو اس وقت دنیا میں ضابطہ حیات و دین حق دے کر بھیجا جب پوری انسانیت تاریکی میں ڈوبی ہوئی تھی، ظلم و جبر، دہشت گردی و بربریت نے اپنے پنجے پوری طرح گاڑھ دیئے تھے۔
ایسے میں نبی کریم ۖ نے تمام مخالفتوں کے باوجود کلمہ حق بلند کیا اور اقامت دین کی جدوجہد میں اپنے صحابہ کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے، پھر مدینے کی مثالی ریاست کو قائم کرکے ایسا انقلاب لے کر آئے جس سے رہتی دنیا کے لئے انسانیت کی تعمیر و فلاح کے اصول مرتب ہوگئے۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ آج پوری حیات انسانی جس بحران کا شکار ہے، فتنہ و فساد پوری طرح سر اٹھائے کھڑا ہے ایسے میں اسوائے رسولۖ کی پیروی کرتے ہوئے اقامت دین کی جدوجہد اور قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اس دور فتن کی شر انگیزیوں سے بچا جاسکتا ہے۔