کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل گرل ایان علی کی ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف دائر درخواست کل تک ملتوی کرتے ہوئے وزرات داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس عقیل عباسی اور جسٹس صادق حسین بھٹی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت شروع کی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک مجھے وزرات داخلہ کا جواب نہیں ملا۔
مجھے افسوس ہے کہ آفس کا فیکس خراب ہونے کے باعث فیکس وصول نہیں کرسکا ، سماعت کل تک ملتوی کردیں تاکہ میں جواب حاصل کرسکوں ۔ کچھ دیر کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وفاق نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے لیکن سپریم کورٹ نے فیصلے کو معطل نہیں کیا۔
ایان علی کے وکیل قادر خان مند خیل کا کہنا تھا کہ آج چوتھی سماعت ہے یہ جان بوجھ کر جواب داخل نہیں کر رہے ، عدالت آج ہی فیصلہ سنائے کیونکہ ایان علی کےبیرون ملک جانے کے رات کے ٹکٹس بک ہیں جس پر عقیل احمد نے کہا کہ یہ آپ کی غلطی ہے آج کے ٹکٹس کیوں بک کرائے آپ کو فیصلے کے بعد ٹکٹس بک کرانے چاہِیے تھے۔
عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عداتی فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے اور جن کے نام ای سی ایل کی ویب سائیٹ پر شامل کرنے ہیں ان کے نام شامل کرکے رپورٹ پیش کریں۔