عائلہ ملک نے ڈگری جعلی قرار دینے پر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کیخلاف مقدمہ کر دیا

Ayela Malik

Ayela Malik

راولپنڈی (جیوڈیسک) جعلی ڈگری پر نااہل قرار دی جانے والی تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 71 سے سابق امیدوار عائلہ ملک نے سول جج کاشف قیوم کی عدالت میں راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین اور کنٹرولر امتحانات کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

عدالت نے اس کیس کو سماعت کیلیے منظور کرتے ہوئے چیئرمین اور کنٹرولر امتحانات کو نوٹس جاری کر کے 11 فروری کو جواب طلب کر لیا۔ عائلہ نے ڈاکٹر بابر اعوان، فاروق اعوان ایڈووکیٹس کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انھوں نے 16 دسمبر 1989 کو راولپنڈی بورڈ سے انٹر میڈیٹ کا امتحان پاس کیا تھا۔

ان کا رجسٹریشن نمبر 898015617 اور سرٹیفکیٹ نمبر 21751-3091 ہے۔ راولپنڈی بورڈ نے مسلم لیگ ن کی حکومت ہونے کے باعث سیاسی دباؤ پر ان کی ایف اے کی سند غلط قرار دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ ایک کلرک قانونی طور پر کسی بھی سند کو غلط قرار نہیں دے سکتا۔