ایبٹ آباد (جیوڈیسک) ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس میں ورثا، اپنوں کی تلاش میں ہیں، کتنے ہی ہنستے مسکراتے چہرے اب تصویر بنے نوٹس بورڈ پر لگ چکے ہیں۔
جانے والے چلے گئے ، اپنوں کے لیے زندگی بھر کا دکھ چھوڑ گئے ۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد میں سوگواری کی کیفیت ہے ۔ ورثا کی آنکھیں اپنوں کو ڈھونڈ رہی ہیں ، وہ جو گھر والوں کی شناخت تھے آج شناخت کے مرحلے گزر رہے ہیں ، کتنے ہی ہنستے مسکراتے چہرے اب محض تصویر بن چکے ہیں۔
ایوب میڈیکل کمپلیکس میں اب تک 5 افراد کی بائیو میٹرک سے شناخت ہوپائی ہے ۔ تین افراد فرید عزیز ، محمد نواز اور محمد تکبیر کا تعلق چترال سے تھا۔
ایک مسافر سمیع ڈیرہ غازی خان اور احسن غفار راولپنڈی کا رہائشی تھا ۔ ہسپتال میں ڈی این اے ٹیسٹ کی سہولت نہیں اس لیے لاشوں کو شناخت کے لیے پمز ہسپتال اسلام آباد پہنچایا جائے گا۔