اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے معروف ماڈل گرل ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنےکا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارت داخلہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے، آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی سمیت تمام متعلقہ اداروں کو نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔
وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسر قلندر خان کی طرف سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ایان علی بنت محمد حفیظ کانام سپریم کورٹ کے رواں سال 30جنوری کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ای سی ایل سے خارج کیا گیا ہے۔
ایان علی کانام 14مارچ سال 2015ءسے اس وقت اخباروں میں ایک تنازع کی صورت میں سامنے آیا جب وہ اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر سیکیورٹی فورس کے ہاتھوں پانچ لاکھ ڈالرز غیر قانونی طورپر لے جاتے ہوئے گرفتار ہوئیں، بعدازاں انہیں جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی تھی۔