آزاد کشمیر اور ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد

Snowfall

Snowfall

اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر ہونے والی برفباری نے موسم سرد کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج گلگت بلتستان، کشمیر بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع ان دنوں خون جماتی سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

استور میں برفباری کے باعث کئی بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں گزشتہ ایک ماہ سے بند ہیں۔غذر میں پہاڑوں پر برفباری اور شہر میں بارش کے بعد سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔ جبکہ مری میں بھی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں رات گئے تک وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔

موسم ابر آلود اور سخت سرد ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالا اور سرگودھا ڈویژن، بالائی خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ ہزارہ اور مردان ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔