مظفر آباد (جیوڈیسک) آزادکشمیر میں طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، خدشہ ہے کہ کوٹلی میں گرتے ہوئے پہاڑ کا ملبہ دریائے پونچھ کا رخ موڑ سکتا ہے۔
آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں اور تاریخ کے بدترین سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے۔ کوٹلی میں ساردہ کے مقام پر سب سے بڑا پہاڑ سرکنا شروع ہو گیا۔ ساردہ پہاڑ درمیان سے پھٹ گیا ہے۔ پہاڑ میں تقریباً 3 فٹ چوڑا اور 200 میڑ لمبا شگاف پڑ گیا۔
لینڈ سلائیڈنگ سے کوٹلی ، ککنی روڈ مکمل طور پر بلاک ہو گیا ہے اور پہاڑ سے مسلسل پتھر گر رہے ہیں۔ پہاڑ دریائے پونچھ کی جانب سرک رہا ہے اوراس کا ملبا دریا ئے پونچھ میں گر رہا ہے۔
جس کے باعث خدشہ ہے کہ دریائے پونچھ کا رخ تبدیل ہو جائے گا یا پھر ایک اور عطاآباد جھیل وجود میں آجائے گی۔ انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ مکانات سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ہے اور علاقہ خالی کرایا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوٹلی شوکت علی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔