اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے آخری روز آج وزیراعظم عمران خان، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق جلسوں سے خطاب کریں گے۔
آزاد کشمیر انتخابات کے لیے انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو گی۔ آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پولنگ اتوار 25 جولائی کو ہو گی، 33 حلقوں میں 12 بڑے مقابلے متوقع ہیں۔ سابق وزرائے اعظم، سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل امیدواروں کے درمیان تگڑے مقابلوں کا امکان ہے۔
انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان آج خان تراڑ کھل اور کوٹلی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری باغ اور مظفر آباد میں خطاب کریں گے اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق دھیر کوٹ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت آزاد کشمیر میں پاک فوج طلب کرلی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوان 22 سے 26 جولائی کے دوران ‘کوئیک رسپانس فورس’ کے طور پر تعینات ہوں گے۔