نیلسن ( رپورٹ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر چوہدری طارق فاروق نے نارتھ ویسٹ سے کنزر ویٹو پارٹی کے تیسری بار منتخب ہونے والے رکن یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سجاد کریم کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بر طانیہ میں یورپی پارلیمنٹ میں گزشتہ سالوں میں پاکستان ، کشمیر اور بر طانیہ کے لئے ان کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔
ان کی ہر دلعزیزی کی دلیل یہ بھی ہے کہ آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی نے ان کی پیش کردہ قرارداد کو متفقہ طور پر قبول کر تے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا تھا۔دونوں راہنماؤں میں مختلف بین الاقوامی امور بالا خصوص مسئلہ کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال ہؤا اور سکاٹ لینڈ کی علیحدگی کی تحریک اور کامیابی یا ناکامی کے تناظر میں مسئلہ کشمیر میں مماثلت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما چوہدری طارق فاروق نے سجاد کریم کو بھمبر آزاد کشمیر کے دورے کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی اور وہاں جانے کا وعدہ کیا۔