آزاد کشمیر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ، سلنڈر کی قیمت 70 روپے بڑھ گئی

LPG Prices

LPG Prices

مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر میں ایل پی جی کی قیمتیں 50 سے 70 روپے فی سلنڈر بڑھا دی گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور ایل پی جی فروخت کرنے والے تاجر مل کر مہنگی گیس بیچ کر عوام کی کھال اتار رہے ہیں۔

مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر بالائی علاقوں میں سردیوں کی آمد سے قبل ہی جہاں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں چار گھنٹے کا اضافہ ہوا ہے وہاں ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ تاجروں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے گیس کی قیمتوں میں از خود اضافہ کر کے من پسند دام وصول کرنا شروع کر دئیے ہیں۔

ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مختص کی جانے والی گیس کی قیمتیں ان کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہیں۔

دار الحکومت مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر شہروں باغ، راولاکوٹ اور کوٹلی میں ایل پی جی کے کاروبار سے وابستہ لوگوں کی جانب سے اس کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے کو انتظامیہ اور ضلعی سطح پر قائم پرائس کنٹرول کمیٹیاں روکنے میں تاحال بری طرح ناکام نظر آرہی ہیں۔