اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ گلگت، اسکردو، استور، دیامر، ہنزہ نگر اور دیگر بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہورہا ہے۔
برف باری اور ٹھنڈی ہواوں نے لوگوں کے معمولات ِ زندگی بری طرح متاثر کیے ہیں۔ اسکردو اور استور میں درجہ حرارت منفی 05 تک گر گیا ہے جبکہ ہنزہ میں درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں بھی سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بلوچستان میں بھی سردی نے زور پکڑنا شروع کردیا ہے۔
گرم کپڑوں کے ساتھ ساتھ گرما گرم کھانے پینے کی اشیا کا استعمال بھی بڑھ گیا۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بھی سردی کی لہر آگئی ہے جہاں لنڈا بازاروں میں گرم کپڑوں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی۔