اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پارا چنار میں سردی بڑھنے کے ساتھ لکڑی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم، اٹھ مقام اور گریز سمیت کئی بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے۔
برف باری سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گلگت بلتستان میں برف باری تھمنے کے بعد سردی بڑھ گئی ہے اور موسمی امراض پھیل رہے ہیں۔ پارا چنار میں جیسے جیسے سردی بڑھ رہی ہے لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
گجرانوالہ کے لوگ شدید سردی میں کھلے آسمان تلے انگھیٹیاں جلا کر گرما گرم کھانوں اور بار بی کیو کا مزہ لے رہے ہیں۔ ملتان میں سوپ، کافی اور کشمیری چائے سرد موسم کا مزہ دے رہی ہے۔
نواب شاہ میں سردی عروج پر ہے اور گرم کپڑوں کی خریداری کے لئے لنڈا بازاروں میں رش لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں کل سے سردی کی شدت میں کسی حد تک کمی کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور اور سکھر ڈویژن میں چند مقامات پر دھند کی پیش گوئی کی گئی ہے۔