کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی ضلع کورنگی PS-123کے صدر اعظم خان درانی نے کورنگی کے نادرا شناختی کارڈ سینٹر کے عملے کی جانب سے عوام کیساتھ کی جانیوالی بڑھتی ہوئی زیادتیوں ، اقر باپروری اور رشوت کے بڑھتے ہوئے رحجانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ PS-123کے پارٹی کارکنان اور علاقے کی عوام کی جانب سے کی جانیوالی بڑھتی شکایتوں کے باعث PS-123نے نادرا کورنگی شناختی کارڈ سینٹر کے عملے کے خلاف عوامی احتجاج کا فیصلہ کرلیا ہے۔
فیصلے کے مطابق کورنگی نمبر5بس اسٹاپ پر مظاہرہ اور پھر احتجاجی ریلی کا نادرا کورنگی سینٹر تک پیدل مارچ کا پروگرام شامل ہے۔ اعظم خان درانی نے کہا کہ اس احتجاجی پروگرام کا حتمی تاریخ کا اعلان ضلعی صدر مرزا مقبول احمد اور ڈویژنل قیادت سے مشاورت و اجازت کے بعد ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔ اعظم خان درانی نے کورنگی لانڈھی کی عوام سے اس احتجاجی پروگرام میں بھر پور شرکت کی اپیل کی ہے۔
اعظم خان درانی نے احتجاجی پروگرام کی کامیابی کیلئے PSکے تمام پارٹی کارکنان اور عوام سے رابطے کیلئے PSکے سینئر نائب صدر ابرار کاشان ، جنرل سیکریٹری اختر مہدی رضوی ، انفارمیشن سیکریٹری رضوان خان پر مشتمل ایک تین رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ۔اعظم درانی نے کمیٹی کے اراکین کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اپنا کام بھرپور طریقے سے شروع کر دیں۔