بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ، فضائی بمباری میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے، کلئیرنگ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔
آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ دہشت گردوں کا خاتمہ اور شدت پسندوں کی پناہ گاہیں تباہ کی جا رہی ہیں۔
شمالی وزیرستان میں ایک طرف زمینی کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں تو دوسری طرف فضائی حملوں میں بھی دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آج میران شاہ اور بویہ گاؤں میں دہشتگردوں کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کی گئی جس کے بعد جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
فضائی کارروائی میں درجنوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت ازبک دہشتگردوں کی تھی بمباری میں دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانے ، غاریں اور اسلحہ کا ذخیرہ تباہ کر دیا گیا۔ کلیئرنگ آپریشن کے دوران بارودی سرنگ کو ناکارہ بناتے ہوئے ایک جوان بھی شہادت کے رتبے پر فائز ہو گیا۔