لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرمناک کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اظہر علی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق کسینو اسکینڈل کا شکار معین خان کی جگہ ہارون رشید کو چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مصباح الحق صرف ٹیسٹ میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ اظہر علی نائب کپتان ہوں گے۔ اظہر علی کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ وکٹ کیپر سرفراز احمد ان کے نائب ہوں گے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کیخلاف مئی سے شروع ہونے والی سیریز کیلئے محمد حفیظ، سعید اجمل اور جنید خان کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے جب کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو بنگلا دیش کے خلاف ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شعیب ملک، کامران اکمل اور عمر گل کو بنگلا دیش کیخلاف سیریز کے لئے بھی طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں آئر لینڈ کے خلاف انجرڈ ہونے والے فاسٹ بولر محمد عرفان کی شرکت بھی مشکوک ہے۔
شاہد آفریدی کی جانب سے ورلڈ کپ کے بعد کچھ آرام کے فیصلے کے بعد اس بات کا امکان ہے کہ سرفراز احمد کو بطور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کے طور پر گراؤنڈ میں اتارا جائے۔